وعدہ کرتا ہوں خون رائیگاں نہیں جائیگا، صدر کا وزیرستان حملے کے شہداء کو خراج عقیدت

صدر آصف زرداری

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وعدہ کرتا ہوں وزیرستان میں شہید ہونے والے جوانوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

صدر آصف زرداری نے میر علی شمالی وزیرستان میں گزشتہ روز ہونے  والے حملے کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے دہشتگردوں کو منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

شمالی وزیرستان حملے میں شہید افسران کی نماز جنازہ ادا، صدر، آرمی چیف کی شرکت

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشتگرد کارروائیاں کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دیں گے۔ دہشتگردوں سے جوانوں کے بہائے گئے خون کا حساب لیں گے، ہمارے بہادر بھائی، بیٹے اور دوست سرحدوں کی حفاظت کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وعدہ کرتا ہوں کہ ہمارے بیٹوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ پاکستان کے عوام اور فوج ایک ساتھ ہیں، دہشتگردوں کا مقابلہ کریں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں 5 سیکیورٹی اہلکاراور دو افسر شہید ہوگئے تھے۔ شہید ہونے والے پاک فوج کے افسران کی نماز جنازا چکلالہ گیریژن میں ادا کی گئی جس میں صدر آصف زرداری نے بھی شرکت کی تھی۔

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 6 دہشتگرد ہلاک

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے 39 سالہ لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید کراچی کے رہائشی تھے جبکہ 23 سالہ کیپٹن محمد احمد بدر شہید تلہ گنگ کے رہائشی تھے۔ شہداء کی میتیں ان کے آبائی علاقوں میں پہنچا دی گئی ہیں جہاں انہیں پورے فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں