تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی وزیراعظم سے ملاقات اس لیے ضروری تھی کیونکہ وفاق سے فنڈ لینا تھا۔
پشاور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور وزیراعظم کی ملاقات سے متعلق اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کی شہباز شریف سے ملاقات اچھی رہی ہے۔
وزیراعظم سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ملاقات ایک اچھا پیغام ہے، احسن اقبال
بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور صوبے کے چیف ایگزیکٹو ہیں، ان کی وزیراعظم سے ملاقات ضروری تھی۔ وزیراعلیٰ کے پی نے وزیراعظم کو صوبے کی مشکلات سے آگاہ کیا۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں عوامی مسائل پر بات چیت ہوئی ہے، انہوں نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وزیراعظم نے تعاون کا یقین دلایا، علی امین گنڈا پور:ملکرچلیں گےتوملک ترقی کریگا،شہبازشریف
علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات بہت مثبت رہی، شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے واجبات ادا کریں گے۔ چیف سیکریٹری کے حوالے سے کہا گیا کہ صوبے نے آپ کو مینڈیٹ دیا، چیف سیکریٹری کی تعیناتی کا معاملہ بھی جلد حل ہوجائے گا۔
یہ بھی ذہن میں رہے کہ سخت گوئی کے لیے شہرت رکھنے والے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی حلف برداری میں شرکت کرنے سے معذرت کرلی تھی۔

