پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کو نویں ایڈیشن کے پروڈکشن رائٹس لینے والی فرم کو ماضی میں اربوں روپے کے تین غیرشفاف کنٹریکٹ دیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
ہم انویسٹی گیشن ٹیم کی تحقیق کے مطابق پاکستان سپرلیگ سیزن (9)کے پروڈکشن ایوارڈ پر نیا تنازعہ سر اٹھانے لگا ہے، ہم انویسٹی گیشن ٹیم کو موصول سرکاری دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پروڈکشن رائٹس جیتنے والی فرم ایم ایس ٹرانسگروپ کو ماضی میں تین غیرشفاف کنٹریکٹ دیے تھے۔
رواں ہفتے سپرلیگ کے نوے ایڈیشن کا پروڈکشن ایوارڈ ایم ایس ٹرانسگروپ نے جیتا تھا، آڈٹ رپورٹ کی کاپی ہم انویسٹی گیشن ٹیم نے حاصل کرلی جس کے مطابق پی سی بی نے ایم ایس ٹرانسگروپ کو سپر لیگ چھ میں 78 لاکھ ڈالرز کا انسٹاڈیا اسپانسر شپ رائٹس کا غیرشفاف کنٹریکٹ دیا تھا۔
یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ ایم ایس ٹرانسگروپ کو سپرلیگ چھ میں ساڑھے پانچ لاکھ ڈالرز کا ٹرک برینڈنگ اور ورچوئل ایڈورٹائزنگ کا غیرشفاف کنٹریکٹ بھی ملا تھا،ایڈیٹرجنرل آف پاکستان کی آڈٹ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ پی سی بی نے پی ایس ایل پانچ میں ایم ایس ٹرانسگروپ کو 33 کروڑ کا انسٹاڈیا اسپانسر شپ رائٹس کا غیرشفاف کنٹریکٹ دیا تھا۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کی ٹکٹوں کی بیلٹنگ کا آغاز ہو گیا
آڈٹ رپورٹ میں سفارش کی گئی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ان تمام دیے جانے والے غیرشفاف ایوارڈز کی انکوائری کرے اور متعلقہ ذمہ داروں کیخلاف ایکشن لے۔
ذرائع نے ہم انویسٹی گیشن ٹیم کو بتایا کہ پی سی بی نے فنانشل بڈ میں کم بڈنگ دینے والی فرم کو ایوارڈ دینے کی بجائے دوسرے نمبر کی بڈنگ فرم کو پروڈکشن حقوق دیے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ساٹھ فیصد مارکس ٹیکنیکل اور باقی فنانشل بڈنگ کے نمبرزتھے، ٹیکنیکل بڈنگ میں ایک اہم براڈکاسٹ رائٹس کی حامل کمپنی کو ہی ڈس کوالیفائی کر دیا گیا تھا، بڈنگ میں حصے لینے والی تینوں فرم نے مارکنگ پر عدم اعتماد ظاہر کرتے ہوئے شکایات کمیٹی سے رجوع کر لیا تھا۔
پی ایس ایل فرنچائزز کی تشویش اور بڈنگ فرم کے اعتراضات کو دیکھتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسرسلمان نصیر نے بڈنگ بورڈ کا حصے بننے سے معذرت کرلی تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ پی ایس ایل9 کی فرنچائزز کونئے پروڈکشن ایوارڈ پرتشویش ہے، اضافی 50 کروڑادا کرنا ہوں گے اوربڈنگ میں حصہ لینے والی دوکمپنیوں کوپروڈکشن رائٹس کی بڈنگ کمیٹی کے سربراہ بابر حمید پر اعتراض تھا، پی سی بی کی اعتراض اپیل کمیٹی نے تینوں بڈرز کے نمبر اچانک بڑھا دیے تھے۔
انتظامیہ میرا رول واضح کرے تو ریٹائرمنٹ واپس لینے کیلئے تیار ہوں، عماد وسیم
بڈنگ جیتنے والی ایم ایس ٹرانسگروپ کو سب سے زیادہ نمبر178 دیے گئے تھے جبکہ بڈنگ میں حصے لینے والی ورلڈ کپ کے رائٹس رکھنے والی فرم کو صرف 145 نمبرملے، پی سی بی نے بڈنگ پروسس رپورٹ ابھی تک پبلک نہیں کی۔ذرائع نے بتایا کہ پی ایس ایل نو پر پروڈکشن کا خرچہ ایک ارب 15 کروڑ ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے موقف میں ہم نیوز کو بتایا کہ تینوں بڈنگ فرم نے شفافیت اورطریقہ کے خیال پرکوئی شکایت نہیں کی، پی سی بی کا موقف تھا کہ تمام پارٹیوں کوسنا گیا تھا،ٹرانسگروپ نے زیادہ نمبرلیے اس لئے کمپنی کوپروڈکشن ایوارڈ دیا گیا تھا، بڈنگ کے تمام قواعدوضوابط پر عمل کیا گیا تھا۔
پی سی بی کے موقف میں بتایا گیا کہ ٹرانسگروپ کو دیے جانے والے کنٹریکٹ پرآڈیٹرز کے تحفظات کو دورکیا گیا ہے، ٹرانسگروپ کیخلاف کوئی انکوائری یا آڈٹ اعتراض اس وقت موجود نہیں ہے، پی سی بی سی ای او مختلف مصروفیات کی وجہ سے بڈنگ بورڈ کی سربراہی نہیں کرسکے تھے، ٹرانسگروپ کو پروڈکشن کے حقوق دینا مفادات کا ٹکراؤ نہیں ہے۔