شہزاد پراچہ: وفاقی حکومت حال ہی میں ریٹاٹر ہونے والے ڈی جی وفاقی تحقیقاتی ادارہ محسن حسن بٹ کی مدت ملازمت میں توسیع پر غور کررہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ نے وزیراعظم کو ڈی جی ایف آئی اے محسن حسن بٹ کی مدت ملازمت میں 3 ماہ سے ایک سال کی توسیع کی تجویز دی ہے۔
تاہم ڈی جی ایف آئی اے کی مدت ملازمت میں توسیع کا حتمی منظوری نگران وزیراعظم دیں گے۔
محسن حسن بٹ 31 دسمبر 2023 کو ریٹائرمنٹ ہو گئے تھے اور حکومت نے ابھی تک پولیس سروس آف پاکستان کے کسی افسر کو ڈی جی ایف آئی اے پوسٹ نہیں کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے حکام نے گزشتہ ماہ محسن حسن بٹ کو الوداعی پارٹیاں دی تھیں اور سابق ڈی جی ایف آئی اے نے ایف آئی اے کے متعدد اہلکاروں کے شاندار کام کو بھی سراہا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم سیکرٹریٹ محسن حسن بٹ کی مدت ملازمت میں توسیع کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے منظوری بھی لے گا۔
سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن جناب انعام اللہ خان اور سیکرٹری ٹو پرائم منسٹر کپیٹن (ر) خرم آغا سمیت متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ افسران نئے ڈی جی ایف ائی اے کی پوسٹنگ پر خاموش ہیں اس نمائندے کی جانب سے محسن بٹ کی مدت ملازمت میں توسیع بارے سوالات میں مذکورہ بالا افسران نے کوئی جواب نہیں دیا۔
پی ڈی ایم حکومت نے محسن حسن بٹ کو اگست 2022 کو ڈی جی ایف آئی اے تعینات کیا تھا۔
غور طلب ہے کہ پی ڈی ایم حکومت نے وزیر اعظم کے سابق سیکرٹری ڈاکٹر توقیر شاہ کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع بھی کی تھی۔ وہ 10 ماہ تک اس عہدے پر رہے اور نومبر 2023 میں انہوں نے چار سال کی مدت کے لیے ورلڈ بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا چارج سنبھالا۔
پی ڈی ایم حکومت نے ریٹائرمنٹ کی عمر کو پہنچنے پر دسمبر 2022 میں ڈی جی آئی بی کو بھی توسیع دی تھی۔