پشاور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ 8 فروری سیاسی سموگ کے خاتمے کا دن ہو گا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ انتخابات میں عوام ملک کو بچانے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں کیونکہ جماعت اسلامی سیاسی آلودگی کا خاتمہ کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈال سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات کا دن عوام کے لیے یوم نجات اور بڑی سیاسی جماعتوں کے لیے یوم حساب ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: چیئرمین پی ٹی آئی کے بعد اب نواز شریف لاڈلا بن چکا ہے، آصف زرداری
سراج الحق نے کہا کہ حکمران پارٹیوں نے قوم کے 40 سال ضائع کیے اور ملک کو ایک دن بھی حقیقی جمہوریت اور قرآن و سنت کا نظام دیکھنے کو نہیں ملا۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ملک کو آئی ایم ایف، ورلڈ بینک کا غلام بنا دیا ہے۔ حکمرانوں نے اقتدار میں آ کر ایک بار نہیں بار بار قوم کو دھوکہ دیا۔ حکمران اشرافیہ ارب پتی بن گئی اور ملک کھربوں روپے کا مقروض ہو گیا۔