بزرگ سیاستدان سیاست چھوڑ کر ملک اور قوم کیلئے دعائیں کریں،بلاول بھٹو


چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پی ٹی آئی انتقامی سیاست کررہے ہیں، پرانے سیاستدانوں کی سیاست سے تکالیف کم نہیں ہوں گی۔ پرانے سیاستدان عوام کی تکالیف میں اضافہ کریں گے۔

چترال میں ورکرز کنوشن سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مہنگائی پورے ملک میں ہے لیکن تمام مسائل کا حل پیپلزپارٹی کے منشور میں ہے، پیپلزپارٹی کے ہر دور میں لوگوں کو روزگار ملا۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیربھٹوکے نامکمل مشن کو مکمل کرنا چاہتا ہوں، بے نظیر نہتی لڑکی ہوتے ہوئے دوآمروں سے ٹکرائی، عوام ان کے ساتھ تھے، جب ملک کی صورت حال دیکھتا ہوں بہت افسوس ہوتا ہے، عوام کی تکالیف کودورکرنا چاہتا ہوں۔

جس سمت میں ہمارا ملک چل رہا ہے اس سے مسائل میں کمی نہیں اضافہ ہوگا، پرانے سیاست دان جس طرح سے سیاست کررہے ہیں عوام کی تکالیف مزید بڑھیں گی، ان کا ارادہ ہے کہ یہ حکومت بناکراپنی ذاتی دشمنیاں پوری کریں، یہ حکومت میں آکر انتقامی سیاست کرنا چاہتے ہیں، مجھے اعتراض پرانے سیاستدانوں پرنہیں بلکہ 70سال پرانی سیاست کرنے پر ہے، پرانے سیاستدانوں کی70 سترسال پرانی سیاست کرنے سے ملک کونقصان ہوا ہے۔

چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ ہم پی ڈی ایم حکومت میں اس لیے کامیاب نہیں ہوئے اس کی وجہ ہمارے اتحادی خدمت کرنے کے بجائے اپنا ذاتی دشمنیوں پر توجہ دے رہے تھے، اب عوام کا مطالبہ ہے کہ پرانے سیاستدانوں سے جان چھڑائیں، ہمیں بزرگوں کا احترام کرنا سکھایا گیا ہے، پرانے سیاستدان سیاست چھوڑیں،گھر یا مدرسے میں بیٹھ جائیں اوردعا کریں۔

بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کو جب پہلی بار وزیراعلی بنایا گیا توان کی عمرکیا تھی؟ جب بے نظیربھٹوپہلی وزیراعظم بنیں تو ان کی عمر کیا تھی؟ پاکستان کی 70 فیصد آبادی نوجوان ہیں،پرانے سیاستدان کتنا کام کرسکیں گے؟ پرانے سیاستدان آنے والے کل کی نہیں سوچتے، جب نواز شریف کی حکومت بنتی ہے تو اشرافیہ کی حکومت ہوتی ہے۔

آپ چاہتے ہیں کہ آصفہ بھٹو چترال سے الیکشن لڑیں تو میں آصفہ سے پوچھوں گا، آصفہ کو منائوں گا کہ وہ چترال کی نشست سے الیکشن لڑیں۔


متعلقہ خبریں