کراچی میں بڑھتے نئے انفلوئنزا وائرس سے لوگ نزلہ کھانسی، بخار میں مبتلا ہونے لگے،محکمہ صحت نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کر دی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت سندھ نے کراچی میں بڑھتے فلو وائرس پر ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں کہا گیا ہے شہر میں بڑھتے نئے انفلوئنزا وائرس سے لوگ نزلہ کھانسی، بخار میں مبتلا ہورہے ہیں۔
وائرس سے حاملہ خواتین، چھوٹے بچے اور دائمی امراض میں مبتلا 65 سال سے زائد عمر کے افراد زیادہ متاثر ہوسکتے ہیں۔
ہسپتا لوں کو داخل متاثرہ مریضوں کو آئسولیشن میں رکھنے کی ہدایت کی گئی۔
عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ کھانستے اور چھینکتے وقت ناک اور منہ کو ٹشو سے ڈھانپ لیں، استعمال شدہ ٹشو کو ڈھکے ہوئے کوڑا دان میں پھینکیں۔
ہاتھوں کو اینٹی بیکٹیریل صابن یا ہینڈ واش سے اچھی طرح دھوئیں، آنکھ، ناک اور منہ کو نہ چھوئیں۔غذائیت سے بھرپور خوراک استعمال کریں۔
جو لوگ فلو جیسی بیماری کا شکار ہیں وہ بخار اترنے تک کم سے کم 24 گھنٹے گھر میں رہیں۔
زیادہ لوگوں سے ملنے میں اجتناب برتیں، بند جگہوں پر وینٹیلیشن کے نظام کو بہتر رکھیں۔