لندن: مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ نواز شریف نے ملک سے اندھیرے ختم کیے اور 2013 میں دہشتگردی عروج پر تھی تو مسلم لیگ ن نے اس پر قابو پایا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما اسحاق ڈار نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سب سے پہلے معیشت کی بحالی پر کام کیا جبکہ 2013 میں دہشتگردی عروج پر تھی تو ہم نے اس پر قابو پایا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ملک سے اندھیرے ختم کیے اور نواز شریف نے دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن پاناما ڈرامہ رچا کر نواز شریف کو نکالا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ریلوے ٹریک پر پل کا پلر گر گیا، لاہور سے فیصل آباد ٹرین سروس معطل
اسحاق ڈار نے کہا کہ سی پیک نواز شریف کا پاکستان کے لیے تحفہ ہے اور ہم نے ملک کی معیشت کو مضبوط کیا۔ اب پھر اگر ہماری اکثریت ہو گی تو ہم مشکل فیصلے کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مینڈیٹ کو عزت دی اور نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والے بے نقاب ہو گئے۔
سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ نواز شریف کی تمام تر توانائیاں ملک کی بہتری کے لیے ہوں گی اور ملک کو تباہ کرنے والوں سے انتقام اللہ لے گا۔