عمران ریاض بہت کمزور ہو گئے ہیں، اور ان کی یادداشت بھی متاثر ہوئی ہے، منصور علی خان


ہم نیوز کے سینئر اینکر پرسن منصور علی خان نے صحافی عمران ریاض خان سے ملاقات کا احوال بتا دیا۔

اپنے یوٹیوب چینل پر ملاقات سے متعلق انہوں نے بتایا کہ  جب میں ملاقات کے لیے ان کے گھر گیا تو وہاں کی سوسائٹی کا گیٹ بند تھا، اپنے بارے میں بتا کر میں عمران ریاض کے گھر پہنچا جہاں پہلے سے کئی صحافی موجود تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب میں عمران کے گھر پہنچا تو انہوں نے اٹھ کر مجھے گلے لگایا، میں عمران ریاض کی حالت دیکھ کر گھبرا گیا تھا، مجھ پر کپکپی طاری ہو گئی۔ اس وقت مجھے محسوس ہوا کہ ان کا وزن بہت کم ہو گیا ہے، مجھے ان کی ہڈیاں تک محسوس ہوئیں، وہ ہڈیوں کا ڈھانچا بن چکے ہیں۔

مزید بتایا کہ ان کے سر اور داڑھی کے بال سفید ہو چکے ہیں، ملاقات کے وقت عمران اپنے حال احوال دیگر دوستوں کو بتا رہے تھے جس سے میں نے تاثر لیا کہ جہاں انہیں رکھا گیا وہاں وقت کا انہیں نہیں پتہ چلتا تھا۔ مجھے محسوس ہوا کہ ان پر ذہنی تشدد بہت کیا گیا اور ان کی قوت گویائی میں صفائی بھی نہیں تھی۔ایک جملہ مکمل کرنے میں انہیں وقت لگتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ عمران ریاض میں بہت حوصلہ دیکھا، ان کے چہرے پر مسلسل مسکراہٹ دیکھی۔ جتنے بھی لوگ وہاں موجود تھے،ہم نے فیصلہ کیا ہم کوئی ایسی بات نہیں شیئر نہیں کریں گے جس سے انہیں کوئی مسئلہ ہو۔

منصور علی خان نے بتایا کہ عمران نے بتایا کہ انہیں وقتی طور پر یادداشات کا مسئلہ آ رہا ہے، ان کی فیملی اور دوستوں نے فیصلہ کہ ان کا تفصیلی چیک اپ کرایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت عمران ریاض کو ملکی حالات کا کچھ نہیں پتہ سوال کرنے پر انہوں نے بتایا کہ انہیں کچھ نہیں بتایا جاتا تھا۔


متعلقہ خبریں