لاہور: چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ سپریم کورٹ آف پاکستان کی لاہور رجسٹری میں اہم مقدمات کی سماعت کرے گا۔
شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کے ٹرائل کی مدت میں توسیع کی درخواست پر سماعت آج ہوگی۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سپریم کورٹ سے درخواست کی ہے کہ شریف خاندان کے خلاف ٹرائل کی مدت میں توسیع کی اجازت دی جائے۔
شریف خاندان کے خلاف احتساب عدالت میں زیرسماعت ایون فیلڈ (لندن فلیٹس) ریفرنس آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے۔ العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ ریفرنس کی سماعت میں بھی بیان قلمبند ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔
سپریم کورٹ کی لاہوررجسٹری میں خدیجہ صدیقی حملہ ازخود نوٹس کیس کی سماعت بھی ہوگی۔
خدیجہ صدیقی پر حملے کا واقعہ مئی 2016 میں پیش آیا تھا۔ اس وقت ملزم شاہ حسین نے نجی لا کالج کی طالبہ خدیجہ صدیقی پرریس کورس کے علاقے میں مبینہ طورپرچاقوؤں سے حملہ کیا تھا۔ طالبہ کو ملزم کے وار سے چاقو کے 23 زخم آئے تھے۔
خدیجہ صدیقی اس وقت اپنی چھوٹی بہن کو لینے اسکول گئی تھی۔ ملزم شاہ حسین کو دو عدالتوں سے سزا سنائی جا چکی ہے۔ اس کے بعد لاہور ہائی کورٹ نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد ملزم کو بری کرنے کا حکم دیا تو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ازخود نوٹس لیا۔ عدالت عظمیٰ نے لاہور ہائی کورٹ سے تمام ریکارڈ بھی طلب کرلیا ہے۔
میڈیا ورکرز کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف درخواست اورآلودگی پر کیس کی سماعت بھی آج لاہور رجسٹری میں ہو گی۔