سعودی عرب کے کنگ خالد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر مسافروں کو منفرد اور جدید ترین ٹیکنالوجی فراہم کر دی گئی ہے۔
ریاض میں ائیرپورٹ پر مسافر اب پرسکون نیند کر سکیں گے، مسافروں کی سہولت کے لیے حال ہی میں ایک منفرد اور مختلف سروس فراہم کر دیگئی ہے، اس حوالے سے ڈومیسٹک ہال نمبر پانچ میں روانگی فلور پر سلیپنگ اینڈ ریسٹنگ لاؤنج کا افتتاح کیا گیا ہے۔
ایک انٹرویو کے دوران ریاض ایئرپورٹس کمپنی کے سی ای او داؤد کا کہنا تھا کہ اس سروس میں آرام اور نیند کے لیے پرسکون ماحول والے آرام دہ کیبن فراہم کئے جائیں گے۔
روزانہ تین سو سے زائد صارفین کی ان کیبنز میں گنجائش موجود ہے، یہ کیبن کسی ہوٹل کے کمرے کی طرح محفوظ اور آرام کے اعلیٰ معیارات سے لیس ہیں۔
کیبن کی دو میٹر لمبائی، ڈیڑھ میٹر چوڑائی ہے، ایک انٹرایکٹو سکرین اور سامان کے لیے اندرونی اور بیرونی لاکرز دیے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کیپسول ان مسافروں کے لیے ایک انوکھی سروس ہیں جو روانگی سے قبل ہوائی اڈے پر آرام کرنا چاہتے ہیں۔