انتخابات میں معمولی تاخیر ہو سکتی ہے، نگران وزیر اطلاعات

Murtaza Solangi

اسلام آباد: نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ انتخابات میں معمولی تاخیر ہو سکتی ہے اور انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے جو انتخابات کرانے کا ذمہ دار ہے اور الیکشن کمیشن کو حلقہ بندیوں کے لیے کم از کم 4 ماہ درکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو 54 دن انتخابی مہم کے لیے بھی فراہم کرنا ہوتے ہیں تاہم انتخابات میں معمولی تاخیر ہو سکتی ہے۔ انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: مجھ سے پہلے مزار کو غسل کیوں دیا؟ شاہ محمود قریشی کے بھائی اپنے بھتیجے سے الجھ پڑے

مرتضیٰ سولنگی نے بٹگرام چیئر لفٹ کے واقعے کے سوال پر بتایا کہ چیئر لفٹ واقعہ خیبر پختونخوا کے دور افتادہ علاقے بٹگرام میں پیش آیا تاہم واقعہ کے تمام متاثرین کو بحفاظت ریسکیو کیا گیا۔ ریسکیو کی کوششوں میں کافی مشکلات تھیں۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو جب واقعہ کی اطلاع ملی تو صوبائی اور وفاق اتھارٹیز سے رابطہ کیا گیا۔ آرمی ایوی ایشن، ائیر فورس، ایس ایس جی کے جوانوں اور جنرل آفیسر کمانڈنگ نے ریسکیو آپریشن کو کامیاب بنایا۔ صوبائی حکومت نے تمام چیئر لفٹس کے تفصیلی معائنہ کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ علاقے میں تمام چیئر لفٹس کا معائنہ کیا جا رہا ہے اور یقینی بنایا جا رہا ہے کہ ایسا واقعہ دوبارہ نہ ہو۔


متعلقہ خبریں