نیویارک: سیکیورٹی کونسل میں غیر مستقل اراکین کے انتخابات کے لیے ہونے والے الیکشن میں انڈونیشیا نے مالدیپ کو شکست دے کر رکنیت حاصل کرلی۔ انڈونیشیا نے 144 اور مالدیپ نے صرف 46 ووٹ حاصل کیے۔
رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑا مسلم ملک انڈونیشیا اس سے قبل تین بار سیکیورٹی کونسل میں غیر مستقل رکن کے طور پر منتخب ہو چکا ہے۔ آٹھ جون کو ہونے والے انتخابات میں جرمنی، بیلجئیم، جنوبی افریقہ اور ڈومینیک ری پبلک بلا مقابلہ ارکان منتخب ہوئے ہیں۔
1973 میں اقوام متحدہ کی رکنیت ملنے کے بعد جرمنی کو چھٹی بار غیر مستقل رکن کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ جرمنی نے 190 میں سے 184 ووٹ حاصل کیے۔
سیکیورٹی کونسل میں بیلجئیم کو چھٹی بار اور جنوبی افریقہ کو دوسری بار غیرمستقل رکن کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔
باقی پانچ ممالک آئیوری کوسٹ، کویت، پیرو، پولینڈ اور Equatorial Guinea کے انتخاب کے لیے رواں برس الیکشن نہیں ہوئے۔
رواں برس اپنے دو سال مکمل کرنے کے بعد سویڈن، نیدر لینڈ، ایتھوپیا، بولیویا اور قازقستان نے اپنی سیٹیں خالی کی تھی۔ منتخب اراکین کو اگلے سال جنوری سے سیکیورٹی کونسل کی نشستیں ملیں گی اور یکم جنوری 2019 سے2020 تک سیکیورٹی کونسل کا حصہ ہوں گے۔
15 رکنی سیکیورٹی کونسل میں پانچ مستقل رکن ہیں جن میں امریکہ، روس، چین، برطانیہ اور فرانس شامل ہیں۔ 193 ممالک پر مشتمل جنرل اسمبلی دو سال کے لیے دس ممالک کا انتخاب کرتی ہے جن میں سے پانچ کا انتخاب خفیہ ووٹنگ سے کیا جاتا ہے۔