پاکستان رینجرز نے بھارت کی طرف سے سمگلنگ کی بڑی کارروائی ناکام بنا دی، بھارت سے پاکستان داخل ہونے والے 6 بھارتی شہری گرفتار کرلیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 29 جولائی سے 3 اگست تک دراندازی کی کوششوں میں 6 بھارتی اسمگلر گرفتار ہوئے ہیں۔ گرفتار بھارتی شہری منشیات اور ہتھیاروں کی سمگلنگ میں ملوث ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ گرفتار بھارتی شہریوں میں فیروزپور کے رہائشی گرمیج سنگھ، شندر سنگھ، جگندر سنگھ اور وشال سنگھ شامل ہیں۔ جالندھر کا رہائشی مہندر سنگھ اور لدھیانہ سے تعلق رکھنے والا گروندر سنگھ کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
ژوب حملے میں دہشتگردوں نے امریکی ہتھیار استعمال کئے ، آئی ایس پی آر
گرفتار اسمگلروں کے خلاف پاکستان میں غیر قانونی داخلے اور ریاست مخالف سرگرمیوں پر پاکستانی قوانین کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ بھارتی اسمگلروں کی بی ایس ایف کے زیر نگرانی بارڈر سے بلا روک ٹوک نقل و حرکت حیران کن ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی بی ایس ایف کا اسمگلروں کے ساتھ ممکنہ گٹھ جوڑ بعید از قیاس نہیں۔ توقع رکھتے ہیں کہ بی ایس ایف بارڈر پر نگرانی کا نظام مؤثر اور اسمگلروں کے ساتھ گٹھ جوڑ ختم کرے گی۔