ترجمان محکمہ جیل خانہ جات کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین کو قانون کے مطابق ایئر کولر، چارپائی اور چھت والا پنکھا دیا جا چکا ہے۔
جنگ کے مطابق توشہ خانہ کیس میں قید چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں دی گئی سہولتوں سے متعلق ترجمان محکمہ جیل خانہ جات نے بتا دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو سیکیورٹی وجوہات پر جیل میں علیحدہ پورشن میں رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو بیڈ میٹرس، تکیہ، ٹیبل اور دو کرسیاں بھی دی گئی ہیں، جیل اور بیرک کی صفائی ستھرائی کا مکمل انتظام کیا گیا ہے۔
ترجمان محکمہ جیل خانہ جات کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو ضروری طبی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں، جیل مینوئل کے مطابق ڈاکٹرز کی نگرانی میں چیئرمین پی ٹی آئی کو خوراک مہیا کی جا رہی ہے۔