شائقینِ کرکٹ دل تھام لیں، اگلے 2 ماہ میں پانچ مرتبہ پاک بھارت ٹاکرا ممکن


اگلے 2 ماہ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں تقریباً 5 مرتبہ میدان میں ٹکرائیں گی، یہ مقابلے رواں سال سری لنکا میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ اور بھارت میں ہونے والے ون ڈے ورلڈکپ میں ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق اگلے 2 ماہ میں کم از کم 5 مرتبہ پاک بھارت ٹاکرا ممکن ہے۔ ایشیا کپ کے سُپر فور مرحلے میں پہنچنے کی صورت میں 2 بار یقینی طور پر پاک بھارت مقابلہ ہوگا جبکہ تیسری مرتبہ فائنل میں بھی پاک بھارت میچ ممکن ہے۔

اس کے علاوہ ورلڈکپ کے گروپ مرحلے میں بھی پاک بھارت میچ شیڈول ہے جبکہ ناک آؤٹ مرحلے میں بھی دونوں ٹیموں آپس میں ٹکرا سکتی ہیں۔

کرکٹ ورلڈکپ کا تبدیل شدہ شیڈول آج جاری کیے جانے کا امکان

خیال رہے کہ ایشیا کپ 31 اگست سے 17 ستمبر تک پاکستان اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان اس ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ 30 اگست کو ملتان میں نیپال کے خلاف کھیلے گا۔ 2 ستمبر کو پاکستان اور انڈیا کا بڑا مقابلہ ہوگا۔

6 ستمبر سے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلہ کا آغاز ہوگا جو کہ 15 ستمبر تک جاری رہے گا۔ ایشیا کپ کا فائنل پلے آف مرحلے کی دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان 17 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

دوسری طرف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کرکٹ ون ڈے ورلڈ کپ 2023 رواں برس اکتوبر میں بھارت میں شیڈول ہے۔ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا مقابلہ 14 اکتوبر کو احمد آباد میں ہونے کا امکان ہے۔

ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل 15 نومبر اور 16 نومبر کو کھیلا جائے گا جبکہ فائنل 19 نومبر کو فائنل میں پہنچنے والی ٹیمیں احمد آباد میں ٹکرائیں گی۔


متعلقہ خبریں