کچہ کشمور کے علاقے میں پولیس کی ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی کے دوران 8 مبینہ ڈاکو ہلاک جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق خفیہ اطلاع پر پولیس ٹیم نے کچہ کشمور میں کارروائی کرکے ڈاکوؤں کے سرغنہ جانو انڈھڑ سمیت 8 ملزمان کو ہلاک اور 3 کو زخمی کردیا۔
سندھ حکومت نے مارے جانے والے مرکزی ڈاکو کی زندہ یا مردہ گرفتاری پر ایک کروڑ روپے انعام رکھا ہوا تھا۔
کچے کے ڈاکوؤں سے مقابلے کے لئے عوام کو مسلح کرنے کی تجویز
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کامیاب مشترکہ آپریشن پر پولیس کے افسران اور جوانوں کو شاباش دی، ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب کا آئی جی سندھ سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔
اس موقع پر دونوں آئی جیز نے کچے کو ڈاکوؤں سے پاک کرنے کے لئے آپریشن میں تیزی لانے پر اتفاق کیا، آئی جی پنجاب نے کہاکہ سندھ پولیس کچے کے علاقے کو جرائم پیشہ افراد سے پاک کرنے کے لیے شاندار کام کر رہی ہے۔