مون سون اسپیل کا آخری روز، شمال مشرقی پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارش متوقع

Weather latest report

ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں آج موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے جبکہ آزاد کشمیر، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم اور گوجرانوالہ میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، شیخوپورہ، ساہیوال اور اوکاڑہ میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی آئندہ 24 گھنٹے کے موسم کی پیش گوئی

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، ایبٹ آباد اور بالاکوٹ میں بادل برسیں گے۔ اس طرح مانسہرہ، کرم، وزیرستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موسم گرم رہے گا جبکہ کچھ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش بھی متوقع ہے۔ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کے علاوہ بارش کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی 17 جولائی تک مون سون بارشوں کی پیشگوئی

سندھ کی بات کی جائے تو کراچی اور گردو نواح میں بوندا باندی کا امکان ہے جبکہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

خیال رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک بھر میں 13 جولائی سے 17 جولائی تک مون سون کا نیا اسپیل جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں