وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ امید ہے نواز شریف اگست میں پاکستان واپس آ جائیں گے ۔ اگست میں پاکستان آزاد ہوا تھا ، میاں صاحب بھی واپس آ جائیں گے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ تیرہ اگست کو اسمبلی کی مدت پوری ہو رہی ہے ، امید ہے اگست میں ہی انتخابات کا اعلان کردیں گے۔
خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ ن لیگ الیکشن موڈ پر آچکی ہے، آئندہ الیکشن میں سیٹ ایڈجسٹمنٹس ضرور کرنے چاہئیں تاکہ ووٹ تقسیم نہ ہوں، سیٹ ایڈجسٹمنٹس ضرور ہونی چاہئیں پیپلز پارٹی ہی کیوں نہ ہو۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے رانا ثناء اللّٰہ کی اپنی رائے ہے اور میری اپنی رائے ہے، اتحادی حکومت میں شامل جماعتیں اگر تتر بتر ہوجائیں تو قومی اتفاق رائے کیسے ہوگا؟ ندیم افضل چن سمجھدار شخص ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ مفتاح اسماعیل سے بہت بار ذاتی طور پر بات کی ہے، مفتاح اسماعیل کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار سے متعلق بیان ان کی سیاسی بلوغت پر سوالیہ نشان ہے، حالات ایک جیسے نہیں رہتے، مرضی کے مطابق حالات نہیں ہوتے، حالات کے اتار چڑھاؤ کے ساتھ سمجھوتا کرنا پڑتا ہے، مفتاح اسماعیل کو پارٹی میں رہنا چاہیے اور پارٹی میں رہ کر اپنی رائے دینی چاہیے۔
اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات سے ہی پاکستان چلتا ہے، یہ ہماری لائف لائن ہیں، خواجہ آصف
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ شاہد خاقان عباسی وزیراعظم بنے تو نواز شریف نے انہیں بنایا، وزیر دفاع مجھے میری پارٹی نے بنایا ہے، مفتاح اسماعیل نے جو رویہ اپنایا ہوا ہے، ایسی صورتحال میں میں پارٹی کے ساتھ کھڑا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ریکوڈک کا معاملہ سب کے سامنے ہے، ملک کے کچھ علاقوں میں معدنیات بہت موجود ہیں، آئی ٹی کے شعبے میں ہماری پوٹینشل بہت زیادہ ہے، بھارت کی آئی ٹی ایکسپورٹ 132 بلین ڈالر تھی۔
وزیر دفاع نے کہا کہ میرے پاس رپورٹ موجود ہے کس محکمے میں کتنا ٹیکس چوری ہورہا ہے۔