ایکواڈور: بزرگ خاتون مردہ قرار دیئے جانے کے 2 روز بعد آخری رسومات کے دوران زندہ ہو گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایکواڈور کے علاقے باباہویو میں گلبرٹ بالبرن کی والدہ بیلا مونٹویا کو سرکاری اسپتال نے مردہ قرار دیتے ہوئے ڈیٹھ سرٹیفکیٹ جاری کر دیا تھا۔
گلبرٹ بالبرن نے بتایا کہ اسپتال کی تصدیق کے بعد والدہ کی آخری رسومات شروع کر دی تھیں تاہم اچانک ہی ان کی سانسیں جاری ہو گئیں۔
انہوں نے کہا کہ والدہ کو فالج اٹیک کے بعد اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا جس کے دوران ان کی سانسیں رک گئی تھیں اور ڈاکٹروں کی جانب سے موت کی تصدیق کر دی گئی تاہم 2 روز بعد آخری رسومات کی ادائیگی کے دوران تابوت کے اندر سے آوازیں آنا شروع ہو گئی تھیں اور وہ ہاتھ سے تابوت کو مار رہی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: سیاح کو نگلنے والی شارک کا پوسٹمارٹم کر دیا گیا
گلبرٹ بالبرن نے کہا کہ والدہ کو دوبارہ سرکاری اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے جبکہ ڈاکٹرز بھی ان کی سانسیں بحال ہونے پر حیران ہیں۔
وزارت صحت کی جانب سے تحقیقاتی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی جو معاملے کا بغور جائزہ لے گی۔