ضمنی انتخاب، پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا

فوٹو: فائل


باغ: آزاد کشمیر کے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا۔ غیر حتمی غیر سرکاری نتائج میں ایل اے 15 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار ضیا القمر کامیاب ہو گئے۔

ایل اے باغ 15 آزاد کشمیر کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج میں مسلم لیگ ن کے امیدوار مشتاق احمد منہاس دوسرے نمبر جبکہ پی ٹی آئی کے امیدوار تیسرے نمبر پر آئے ہیں۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے پیپلز پارٹی پر دھاندلی کا الزام لگایا گیا۔

ضمنی انتخابات میں کامیابی پر سابق صدر آصف علی زرداری نے ضیا القمر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ضلع باغ کے عوام نے پیغام دے دیا کہ پیپلز پارٹی کراچی سے کشمیر تک زندہ حقیقت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی نے ن لیگ کی بڑی وگٹ گرا دی

آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی پر اعتماد کرنے پر ضلع باغ کی عوام کا شکریہ ادا کیا اور کامیابی پر ضیا القمر کو ہدایت کی کہ عوام کی خدمت کے تسلسل کے عمل کو مزید تیز کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں وفاق کی علامت ہے جبکہ ہم نے پہلے بھی پاکستان کو بچایا ہے اور ہم اب بھی ملک کو سنواریں گے۔

وزیر خارجہ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کراچی اور ملتان کے بعد آزاد کشمیر کے ضمنی انتخابات میں بھی تیر چل گیا۔ جیالے امیدوار کو کامیاب کرانے پر باغ کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ عوام کا ہماری پالیسیوں پر مکمل اعتماد ہے اور باغ نے گزشتہ ماہ مقبوضہ کشمیر میں جی 20 اجلاس کے خلاف ہمارے احتجاج کی میزبانی کی۔


متعلقہ خبریں