پاکستان تحریک انصاف کی سابق رہنما فردوس عاشق اعوان نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو کڑی تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔
ہم نیوز کے پروگرام پاور پالیٹکس ود عادل عباسی میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ بشری ٰ بی بی کے کہنے پر عمران خان فیصلہ بدل دیتے تھے۔ بشریٰ بی بی کی جانب سے مجھے ہدایات آتی تھیں،ان کا سیاست میں بھی کردار تھا اور فیصلے یوٹرن بھی ہو جاتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان خود اپنے آپ کے دشمن ہیں اور کوئی نہیں، وہ کہتے تھے میں کلا ہی کافی ہاں، پی ٹی آئی انوکھی سیاسی جماعت تھی جس میں ایک شخص کی ڈکٹیشن چلتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو تنصیبات پر حملہ کرنے والے تربیت یافتہ لوگ تھے، لوگوں کو ذہن سازی کر کے استعمال کیا گیا ، پرتشددواقعات میں ملوث افراد کیخلاف زیروٹالرنس پالیسی ہونی چاہئے ۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے متعلق انہوں نے انکشاف کیا کہ عمران خان چاہتے تھے کہ عثمان بزدار کی امیج بلڈنگ ہو، عثمان بزدار کیمرے کاسامنا نہیں کر سکتے تھے۔وہ عین وقت پر انٹرویو دینے سے انکار کر دیتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے عثمان بزدار کی حالت دیکھ کر رحم آتا تھا اور ہنسی بھی آتی تھی۔