انویسٹرز کا فقدان, پی ٹی آئی مالی بحران کا شکار


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) مرکزی عہدیداروں کے پارٹی چھوڑنے کے بعد شدید مالی بحران کا شکار ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی میں اے ٹی ایم قرار دیئے جانے والے افراد کے پارٹی سے جاتے ہی شدید مالی بحران پیدا ہو گیا جس کی وجہ سے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی مشکل ہو گئی جبکہ پارٹی کے متعدد چیک بھی باؤنس ہو گئے۔

ملک بھر میں پی ٹی آئی کے 9 ریجنل اور ڈسٹرکٹ آفسز میں مختلف ملازمین کام کرتے ہیں جنہیں پارٹی کی جانب سے تنخواہوں کی ادائیگی ممکن نہیں ہو سکی اور 9 مئی واقعے کے بعد سے ایک بھی پارٹی چیک کلیئر نہیں ہو سکا۔

پی ٹی آئی میں مالی بحران کی وجہ سے پارٹی کا سوشل میڈیا بھی ڈسٹرب ہو گیا اور پی ٹی آئی کی سب سے بڑی سوشل میڈیا ٹیم کو بھی تنخواہوں کی ادائیگی نہیں ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان 9 مئی کے واقعے پر معافی مانگیں، احسن اقبال

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے ملک بھر میں جوائنٹ اکاؤنٹس ہیں جہاں سے عمران خان اکیلے رقم نہیں نکلوا سکتے۔ اسی وجہ سے پارٹی شہدا کے لیے جمع ہونے والی 5 لاکھ ڈالر سے زائد کی رقم بھی پھنس گئی۔

پی ٹی آئی کے موجودہ صورتحال اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث ملازمین نے بھی کام کرنے سے انکار کر دیا ہے۔


متعلقہ خبریں