’’شاہ محمود قریشی نئی جماعت کی سربراہی کریں گے‘‘



گورنر سندھ کامران ٹسوری نے پیش گوئی کی ہے کہ شاہ محمود قریشی نئی جماعت “پی ٹی آئی پاکستان ” کی سربراہی کریں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاہ محمود نئی جماعت کیساتھ کام کریں گے تو اس پر کسی کو اعتراض نہیں ہوگا، اس کی مثال ایم کیو ایم پاکستان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی کو آئندہ آنے والے دنوں میں ٹی وی پر بہت زیادہ دیکھ رہا ہوں۔وہ بڑے گدی نشین ہیں، پاکستان سے انہیں اور ان کے مریدوں کو بہت محبت ہے۔

پی ٹی آئی کے منحرف رہنما جلیل شرقپوری اور فیاض الحسن چوہان نے عندیہ دیا ہے کہ وہ شاہ محمود قریشی کی نئی جماعت کا حصہ ہوں گے۔

جلیل شرقپوری نے ہم نیوز کے مارننگ شو میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج بھی خان صاحب سے درخواست کی جاسکتی ہے کہ وہ گوشہ نشینی میں چلے جائیں، اللہ اللہ کریں، درود شریف پڑھیں اور شاہ محمود قریشی کو موقع دیں۔

دوسری جانب فیاض الحسن چوہان نے کہا تھا کہ  نئی جماعت آئے گی،شاہ محمود قریشی میں صلاحیت ہوئی تو لیڈ کریں گے،نئی جماعت میں کچھ ماہ لگیں گے،کچھ روزمیں اہم ملاقاتیں کریں گے۔


متعلقہ خبریں