اسلام آباد:جاپان کی معروف کمپنی نے پاکستان کو سستے تیل اور ایل این جی کی پیشکش کی ہے۔
جاپانی کمپنی نے اپنی آئرش پارٹنر کمپنی کے ساتھ مل کر روسی تیل اور نائیجریا کی ایل این جی عالمی مارکیٹ کی نسبت 34فیصد کم میں دینے کی آفر کی ہے۔
موقر قومی اخبار روزنامہ جنگ کی رپورٹ کے مطابق یہ پیشکش جاپانی کمپنی کے نمائندے نے ٹوکیو میں پاکستان کے سفیر سے ملاقات میں کی ہے۔
پاکستان کی معروف کاروباری شخصیت اور پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین کے توسط سے یہ ملاقات ہوئی جس میں جاپانی کمپنی کے نمائندے نے جاپان میں پاکستانی سفیر کو تیل اور ایل این جی کے حوالے سے تفصیلات سے متعلق آگاہ کیا۔
اس ملاقات میں جاپانی کمپنی کے نمائندے کا کہناتھا کہ ان کی کمپنی اور آئرلینڈ کی شراکت دار کمپنی کے پاس روسی تیل اور نائجیریا کی ایل این جی فروخت کرنے کا لائسنس موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت پاکستان تیل و گیس کی خریداری میں دلچسپی رکھتی ہے تو ہماری کمپنی عالمی مارکیٹ سے 34 فیصد کم میں یہ دونوں اشیاء پاکستان کو فروخت کرسکتی ہے۔
جس کے جواب میں پاکستانی سفیر رضا بشیر تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے اس پر غور کرسکتا ہے جس کے لیے اس پیشکش کی تمام جزیات کے ساتھ ہم پاکستان کے متعلقہ محکموں کو آگاہ کریں گے، اسلام آباد سے جواب موصول ہونے کے بعد کمپنی کو فیصلے سے آگاہ کر دیا جائے گا۔