لاہور: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پنجاب میں 7 سے 11 مئی کے دوران شدید گرمی کی لہر کا الرٹ جاری کر دیا۔ جس کے دوران بالائی اور جنوبی پنجاب میں درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بالائی پنجاب کے اضلاع لاہور، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، سرگودھا، میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال اور قصور میں درجہ حرارت 39 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
جنوبی پنجاب کے اضلاع ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر، راجن پور، کوٹ ادو، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان اور خانیوال میں درجہ حرارت 43 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرمی کی شدت کے دوران شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق رات کے اوقات میں بھی موسم معمول سے زیادہ گرم رہنے کا امکان ہے۔ جبکہ گرد آلود ہواؤں اور طوفان کا خطرہ بھی موجود ہے۔
ریلیف کمشنر نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دھوپ میں غیر ضروری سرگرمیوں سے گریز کریں۔ اور زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کریں تاکہ ہیٹ ویو کے اثرات سے بچا جا سکے۔ بچوں، خواتین اور بزرگوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی تاکید کی گئی ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ کاشتکار فصلوں اور مویشیوں کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات کریں، جبکہ ریسکیو 1122 کو ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی کے مریضوں کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: محکمہ موسمیات نے سنگین الرٹ جاری کر دیا
محکمہ کے مطابق شہری علاقوں میں امدادی کیمپ، صاف پانی، او آر ایس اور ابتدائی طبی امداد کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ جبکہ موبائل ہیلتھ ٹیمیں بھی متحرک رہیں گی۔
