اسلام آباد انتظامیہ نے وزیراعظم کی کفایت شعاری مہم کے تحت کاروباری اوقات کار سے متعلق نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
فیصلے کے مطابق شہر بھر میں دکانیں رات 8 بجے بند کر دی جائیں گی جبکہ بعض ضروری شعبوں کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فارمیسی، لیبارٹریز، میڈیکل اسٹورز اور اسپتال معمول کے مطابق کھلے رہیں گے تاکہ شہریوں کو طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔
اسی طرح پیٹرول پمپ، سی این جی اسٹیشنز، ملک شاپس اور اسپورٹس جم بھی اپنے معمول کے اوقات کے مطابق کام جاری رکھ سکیں گے۔
ایل پی جی کی قیمت میں کمی، گھریلو سلنڈر سستا
دوسری جانب ہوٹل، تندور، کریانہ اسٹورزاورگروسری شاپس کو رات 10 بجے بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ فروٹ اور سبزی فروشوں کے ساتھ بیکریوں کو بھی رات 10 بجے تک کاروبار بند کرنا ہوگا۔
مزید برآں، شادی ہالزاورمارکیزکو بھی رات 10 بجے بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ توانائی کے استعمال میں کمی اورکفایت شعاری کو فروغ دیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مطابق یہ فیصلہ وزیراعظم کی کفایت شعاری مہم کے تحت کیا گیا ہے جس کا مقصد توانائی کے اخراجات میں کمی اور نظم و ضبط کو بہتر بنانا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس فیصلے پرعملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
