بیٹے اور بہو کا تضحیک آمیز رویہ، 80 سالہ شخص نے ڈیڑھ کروڑ کی جائیداد عطیہ کر دی


80 سالہ بوڑھے شخص نے بیٹے اور بہو کے تضحیک آمیز رویے سے مایوس ہوکر ڈیڑھ کروڑ مالیت کی جائیداد ریاست کو عطیہ کر دی۔

اس بوڑھے شخص کا تعلق اترپردیش کے علاقے کھٹولی ٹاؤن سے ہے، اس کی چار بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے، اس کی بیوی کا انتقال ہو چکا ہے۔

جس کے بعد وہ بہت اکیلا ہو گیا تھا پھر بیٹے اور بہو کے تضحیک آمیز رویے سے تنگ آ کر نتھو سنگھ اپنا گھر چھوڑ کر اولڈ ہوم میں رہنے پر مجبور ہوا۔

کھٹولی ٹاؤن کے اولڈ ہوم میں رہنے والے 80 سالہ نتھو سنگھ نے اپنی تمام جائیداد اترپردیش کے گورنر کے حوالے کرنے کیلئے دستاویز سب رجسٹرار آفیس میں جمع کروادی ہیں۔

دوسری جانب سب رجسٹرار آفس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ نتھو سنگھ نے 4 مارچ کو تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کا اپنا گھر اور زرعی زمین گورنر کوعطیہ کرنے کی وصیت جمع کروا دی ہے۔

نتھو سنگھ نے اپنی وصیت میں کہا ہے کہ ان کے مرنے کے بعد ان کی ملکیتی جائیداد سرکار اپنے قبضے میں لے لے اور وہاں پرسکول یا ہسپتال بنوایا جائے۔

اس موقع پر 80 سالہ بزرگ نے بہو اور بیٹے پر اپنی تضحیک کرنے کا الزام بھی لگایا اور کہا کہ انہوں نے مجھے اپنا گھر چھڑوا کر یہاں رہنے پر مجبور کیا۔

 


متعلقہ خبریں