اسٹیبلشمنٹ سے رابطہ بحال کرنا چاہتے ہیں، کسی سے اختلاف نہیں، فواد چودھری


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ ہم اسٹیبلشمنٹ سے رابطہ بحال کرنا چاہتے ہیں اور ہمارا کسی سے کوئی اختلاف نہیں ہے۔

پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اداروں کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ چاہتے ہیں۔ منحرف اراکین کی نئی سیاسی جماعت بننے سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا اور پنجاب میں اعتماد کے ووٹ کے لیے ہمارے نمبرز پورے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے پاس کوئی پلان نہیں ہے جبکہ حکمران سعودی عرب اور چین سے امداد کی امید لگائے ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان 22 سالہ تیاری کے باوجود فیل ہو گئے، رانا ثناء اللہ

فواد چودھری نے کہا کہ اس ہفتے مہنگائی میں 31 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور مہنگائی میں مزید 3 گنا اضافہ ہونے کی توقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی لیڈر شپ کی وجہ سے ملک میں انتشار نہیں پھیل رہا اور عوام اگر لیڈر شپ کے بغیر باہر نکلی تو ملک میں انتشار پھیلنے کا خدشہ ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ میں بیٹھے لوگ طاقت اور کسوٹی سے کسی کو نہیں دبا سکتے اور اگر بات ہاتھ سے نکل گئی تو کوئی کنٹرول نہیں کر سکے گا۔


متعلقہ خبریں