عمران خان کا اسلام آباد کی عوام کیلئے خصوصی پیغام


لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن چوروں کی حمایت کر کے جمہوریت کے خلاف فیصلے کرتا ہے۔

چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اسلام آباد کے عوام کے نام خصوصی پیغام میں کہا کہ بلدیاتی انتخابات سے متعلق عدالتی حکم پر اسلام آباد کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور عدالتی فیصلے کے نتیجے میں عوام ووٹ کے ذریعے اپنی مقامی حکومت منتخب کر پائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی بدقسمتی ہے کہ مسلط کرپٹ ٹولے کے ساتھ الیکشن کمیشن بھی ملا ہوا ہے جبکہ الیکشن کمیشن ہمیشہ ان چوروں کی حمایت کر کے جمہوریت کے خلاف فیصلے کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جام پور کو ضلع کا درجہ دینے کا اعلان

عمران خان نے کہا کہ معزز عدالتیں ہمیشہ الیکشن کمیشن کے غیر قانونی فیصلوں کو مسترد کر دیتی ہیں اور یہ کرپٹ ٹولہ عوام سے خوفزدہ ہے جو ہمیشہ انتخابات سے راہِ فرار اختیار کرتا ہے۔ چوروں کی کوشش صرف اور صرف ملک پر اپنا قبضہ برقرار رکھنے کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہارس ٹریڈنگ اور کرپشن کے پیسے سے ضمیروں کی منڈیاں لگاتے ہیں لیکن اب اس مافیا کے پاس کوئی راستہ نہیں بچا اور عوام ان کو بری طرح مسترد کر چکی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اسلام آباد کے عوام کل بلدیاتی انتخابات میں بھرپور شرکت کریں اور امید ہے اسلام آباد کے عوام اس کرپٹ ٹولے کو شکست دیں گے۔


متعلقہ خبریں