امریکہ سے تعلق رکھنے والے اسپیڈ کلیپر نے ایک منٹ میں سب سے زیادہ تالیاں بجانے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی شہر ڈیون پورٹ سے تعلق رکھنے والے 20 سالہ ڈالٹن میئر نے ایک منٹ میں 1140 مرتبہ تالیاں بجا کر ریکارڈ قائم کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ریکارڈ بنانے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ڈالٹن میئر کا کہنا تھا کہ میں نے تیز رفتار تالیاں بجانے کا پہلا تجربہ ایلیمنٹری اسکول میں کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اس نے یوٹیوب پر تیز ترین تالیاں بجانے کا ریکارڈ دیکھا تو اسے بھی شوق ہوا کہ وہ یہ ریکارڈ قائم کر سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تیز تالیاں بجانے کے لیے میں نے کوئی خاص تربیت حاصل نہیں کی بلکہ قدرتی طور پر ان سے یہ کارنامہ سرانجام پایا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے تیز ترین تالیاں بجانے کا ریکارڈ بھی امریکی شہری کے پاس تھا جنہوں نے ایک منٹ میں 1037 تالیاں بجائی تھیں۔
