وزیر اعظم 2 روزہ دورے پر مصر روانہ


اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف 2 روزہ دورے پر مصر روانہ ہو گئے۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعظم 7 اور 8 نومبر کو 2 روزہ دورے پر مصر روانہ ہو گئے۔ وہ شرم الشیخ میں شروع ہونے والی کاپ 27 کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ جس میں 197 رکن ممالک شرکت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کاپ 27 کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ جہاں موسمیاتی انصاف کے مسائل پر فوری کارروائی کی ضرورت پر غور کیا جائے گا۔ وزیر اعظم اپنے خطاب میں اہم مسائل پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔ وزیر اعظم کے ہمراہ وفد کاپ 27 کی تمام اہم کمیٹیوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گا جبکہ وفد ان کمیٹیوں میں کاربن کے کم اخراج والے ممالک کو درپیش خطرے پر بھی بات کرے گا۔ پاکستان اس کانفرنس میں گروپ آف 77 چائنہ کی سربراہی بھی کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: آئی جی پنجاب کی عہدے پر مزید رہنے سے معذرت

مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعظم اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ وہ ناروے کے ہم منصب کے ہمراہ گول میز کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔ وزیر اعظم 7 نومبر کو ”مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو سمٹ” میں بھی شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کانفرنس کی میزبانی سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم اپنے دورے کے دوران متعدد عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان عالمی موسمیاتی تبدیلی پر بحث اور اجتماعی کارروائی میں مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔


متعلقہ خبریں