وزیراعظم سے سری لنکن صدر کا ٹیلی فونک رابطہ


وزیر اعظم شہباز شریف کا سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے نے ہفتہ کو ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں صدر وکرما سنگھے نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی پر ہمدردی کا اظہار کیا ۔

سری لنکن صدر  نے پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جو غیر متوقع قدرتی آفت کا عزم کے ساتھ مقابلہ کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے آزمائش کی اس گھڑی میں صدر وکرما سنگھے کا ہمدردی اور حمایت کے اظہار پر شکریہ ادا کیا اور انہیں پاکستان بھر میں غیر معمولی بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی سے آگاہ کیا۔

وزیر اعظم نے اس امر پر روشنی ڈالی کہ سیلاب نے انسانی جانوں، ذریعہ معاش، مویشیوں، فصلوں، املاک اور اہم انفراسٹرکچر کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے۔

وزیر اعظم نے صدر وکرما سنگھے کو حکومت کے بہترین مربوط انسانی ردعمل سمیت ایک ریلیف فنڈ کے قیام سے بھی آگاہ کیا جس میں پاکستان اور بیرون ملک مقیم لوگ سیلاب کی امدادی سرگرمیوں میں عطیات دے سکتے ہیں۔

انہوں نے سیلاب کی شدت کے بارے میں بین الاقوامی برادری میں آگاہی بڑھانے کی ضرورت کا اعادہ کیا جس سے ملک کا ایک تہائی حصہ ڈوب گیا ہے


متعلقہ خبریں