عظیم فٹبالر رونالڈینو ایک ساتھ دو دلہنیں بیاہیں گے


برازیل: دنیائے فٹبال کے عظیم کھلاڑی رونالڈینو نے بیک وقت دو لڑکیوں سے شادی کرنے کا فیصلہ کرکے جو ’دھماکہ‘ کیا ہے اس پرچہ میگوئیوں کا سلسلہ دراز ہو گیا ہے۔

بارسلونا کے سابق فٹبالر رونالڈینو جو مخالفین کے گو ل پر جارحانہ انداز سے جھپٹنے وپلٹنے کی صلاحیت و شہرت رکھتے ہیں، برطانوی اخبار کے مطابق ایک مرتبہ پھرمیڈیا میں شہہ سرخیوں کی زینت اس لیے بن گئے ہیں کہ وہ ایک دن اور ایک وقت میں دو لڑکیوں سے شادی کرنے جارہے ہیں۔

برطانوی اخبار ’دی مرر‘ نے مقامی برازیلین میڈیا کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ رونالڈینو نے گزشتہ سال جنوری میں سسیلا کوئیلہو اور بیٹریز سوزا کو ایک وقت میں ایک ہی دن پروپوز کیا تھا۔

38 سالہ سابق عالمی فٹبالر کی ایک لڑکی سے شناسائی 2016 میں اس وقت ہوئی جب وہ اپنے رہائشی شہر کی طرف سے کھیلنے پہنچے تھے۔ دوسری لڑکی سے ان کے تعلقات اس سے بھی پرانے ہیں۔

’مساوات‘ پر یقین رکھنے والے رونالڈینو عرصے سے دونوں لڑکیوں کو ایک جیسے تحائف دے رہے ہیں، ایک جیسی تفریح کراتے ہیں، ایک جیسا پرفیوم دیتے ہیں اور اب ریو ڈی جنرو میں اگست کی کسی شام دونوں دلہنوں کو ایک ساتھ ’بیاہ‘ بھی لانا چاہتے ہیں۔

برازیلین میڈیا کے مطابق آئندہ مستقبل کی دونوں دلہنیں اس وقت بھی عظیم فٹبالر کی پرشکوہ رہائش گاہ میں اکھٹے قیام پذیر ہیں جس کی مالیت پانچ ملین پاؤنڈز ہے۔ فٹبالر اپنی مستقبل کی دلہنوں کو ماہانہ 15 سو پاؤنڈز’الاؤنس‘ اس تاکید کے ساتھ دیتے ہیں کہ وہ اپنی مرضی سے خرچ کرسکتی ہیں۔

اپنے بھائی کی شادی سے نالاں رونالڈینو کی بہن ’ڈیزی‘ نے تو علی الاعلان کہہ دیا کہ وہ بھائی کی شادی میں شرکت نہیں کریں گی۔ رونالڈینو نے اپنے پڑوسی جو برازیل کے معروف ترین موسیقار ہیں کو یہ ذمہ داری سونپی ہے کہ وہ ان کی شادی کے دن کی مناسبت سے بہترین میوزک پیش کریں گے۔


متعلقہ خبریں