پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی کی بطور وزیراعلیٰ پنجاب نامزدگی کے فیصلے کی توثیق کر دی۔
چیئرمین عمران خان کی زیرِصدارت تحریک انصاف کی کورکمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پنجاب کے ضمنی انتخاب میں تاریخی کامیابی اور بعد کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں تحریک انصاف کی آئندہ کی تنظیمی و سیاسی حکمت عملی پر بھی مفصل گفتگو کی گئی۔
اجلاس میں پنجاب کے ضمنی انتخابات کے بعد سندھ میں بلدیاتی اور ضمنی انتخابات پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ سندھ کے انتخابات کے حوالے سے حکمتِ عملی کے اہم نکات کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں ملک گیر رکنیت سازی میں تیزی لانے پر بھی اتفاق اور نچلی ترین سطح پر تنظیمی ڈھانچوں کی تکمیل کیلئے مؤثر تنظیم سازی کی حکمتِ عملی کا احاطہ کیا گیا۔
اس موقع پر سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی نظریاتی اساس کو کمزور کرنے والے ملک کو کمزور کرتے ہیں،قوم ایک انقلاب کی دہلیز پر کھڑی ہے، جس پر رب کریم کے شکرگزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات میں ساری قوتیں یکجا، مگر معاملہ روایتی سیاست سے اوپر اٹھ چکا ہے، چیف الیکشن کمشنر نے دھاندلی کرنے والوں کی سہولت کاری کا فریضہ سرانجام دیا۔
عمران خان نے کہا کہ عوامی قوت کو حقیر سمجھنے کی غلطی کبھی نہ کی جائے، امپورٹڈوزیراعظم اور اسکی حکومت نے خودمختاری داؤ پر لگا کر پاکستانیوں کی تضحیک کی۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے دنیا میں اہلِ پاکستان کے وقار میں اضافہ کیا،چاہتا ہوں کہ جماعت کو جدید بنیادوں پر نچلی ترین سطح تک منظم کیا جائے۔