وزیراعظم شہبازشریف کا ترک صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلی فونک رابطہ


وزیراعظم شہبازشریف کا ترک صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

وزیراعظم نے حکومت اور عوام کی جانب سے ترک حکومت اور عوام کو عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر مبارکباد پیش کی۔

ترک صدر نے بلوچستان میں تباہ کن سیلاب کے متاثرین کے لئے دعا بھی کی۔ اس تناظر میں، صدر اردوان نے آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستان کے لئے اپنی حکومت کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔

ترکی کے اپنے حالیہ دورے اور ان کے وفد کی گرمجوشی سے کی گئی مہمان نوازی کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور دیگر اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے عالمی توانائی اور خوراک کے بحران سے نمٹنے کے لئے تعاون بڑھانے سمیت علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ وہ ستمبر 2022 میں پاکستان میں ہونے والے اعلیٰ سطحی سٹرٹیجک کوآپریشن کونسل کے 7ویں اجلاس میں صدر اردوان کے استقبال کے منتظر ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ترکی صدر کے دورہ پاکستان سے نئی راہیں کھلیں گی اور اس سے دونوں برادر ممالک کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کومزید وسعت ملے گی۔

 


متعلقہ خبریں