قندھار دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد 32 ہو گئی


قندھار: افغانستان کے شہر قندھار کے وسط میں فورتھ پولیس ڈسٹرکٹ کے قریب بارود سے بھری گاڑی کے دھماکے سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 32 ہو گئی ہے۔

افغان میڈیا کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب افغان سیکیورٹی فورس کے اہلکارایک گاڑی میں نصب کیے گئے دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنانے کی کوشش کر رہے تھے، گورنر قندھار کے ترجمان داؤد احمدی نے بتایا ہے کہ دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی شہر کے وسط میں گاڑیوں کی ورکشاپ میں کھڑی تھی، ہلاک ہونے والے  زیادہ  تر عام شہری ہیں۔ زخمیوں کو نزدیکی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

ایک روز پہلے طالبان نے دھمکی دی تھی کہ وہ حکومتی، پولیس اور انٹیلی جنس کے دفاتر پر حملے کریں گے، انہوں نے عام شہریوں کو حکومتی دفاتر سے دور رہنے کا کہا تھا۔ پچھلے ہفتے فرح شہر پر بھی طالبان نے حملہ کیا تھا جسے افغان کمانڈوز نے ایئرفورس کی مدد سے پسپا کر دیا تھا۔

طالبان اس وقت بھی ملک کے بہت سے حصوں پر قابض ہیں جبکہ داعش سے منسلک گروہوں نے کابل اور دیگر شہروں میں بڑی سطح پر خود کش حملے کیے ہیں۔


متعلقہ خبریں