ملک بھر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شدت اختیار کر گیا


اسلام آباد: ملک بھر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شدت اختیار کر گیا۔ شدید گرمی اور روزے میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

حکومت کی جانب سے ملک میں بجلی کی طلب اور رسد کے درمیان فرق میں کمی کے اعلان کے باوجود لوڈ شیڈنگ میں کمی نہیں آسکی۔

ذرائع کے مطابق ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 2 ہزار 9 سو میگاواٹ ہے جبکہ ملک بھر میں بجلی کی مجموعی طلب 20 ہزار 5 سو میگاواٹ ہے اور اس وقت ملک میں بجلی کی پیداوار 17 ہزار 6 سو میگاواٹ ہے۔

پن بجلی ذرائع سے ایک ہزار ایک سو میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے اور سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 2 ہزار 500 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں جبکہ نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 14 ہزار میگاواٹ ہے۔

لاہور سمیت پنجاب بھر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ تھم نہ سکا اور لوڈ شیڈنگ کے باعث روزے داروں کو سحر وافطار کے اوقات میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ لیسکو کو 800 میگا واٹ بجلی کے شارٹ فال کا سامنا ہے۔

لاہور میں 5 سے 6 گھنٹے جبکہ پنجاب کے دیگر شہروں میں 8 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ معمول بن چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ کا انتخاب کالعدم قرار دیا جائے، گورنر پنجاب کی سفارش

ذرائع کے مطابق دیہاتوں میں 9 سے 10 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ لیسکو اور دیگر تقسیم کار کمپنیاں سحر و افطار کے دوران بھی بجلی کی بلا تعطل فراہمی میں ناکام ہو گئیں۔ لیسکو کو بجلی کی طلب 4 ہزار 400 میگا واٹ جبکہ سپلائی 3600 میگا واٹ ہے۔ کمپنی کو 800 میگاواٹ شارٹ فال کا سامنا ہے۔

لاہور، شیخوپورہ، پتوکی اور قصور سمیت دیہی علاقے شدید لوڈ شیڈنگ کی زد میں ہیں۔

ذرائع کے مطابق آئیسکو میں بھی بجلی کا شارٹ فال 110 میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے۔ بجلی شارٹ فال کی وجہ سے اسلام آباد اورگردونواح میں 4 سے 6 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ آئیسکو کو بجلی کی طلب ایک ہزار 326 میگاواٹ ہے جبکہ سپلائی ایک ہزار 261 میگاواٹ ہے۔

راولپنڈی کے شہری علاقوں میں بھی 2 سے ڈھائی گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ راولپنڈی کے مضافاتی علاقوں میں 4 سے 5 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: میاں صاحب کرسی چھوڑو اور الیکشن کال کرو، اسد عمر

کوئٹہ میں بھی یومیہ 8 سے 9 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے اور طویل لوڈشیڈنگ کے باعث ماہ رمضان میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث سحر اور افطار کی تیاری میں مشکلات ہو رہی ہیں۔

شہریوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کرنے کے لیے اقدامات کرے جبکہ کیسکو حکام کا کہنا ہے کہ سحری اور افطار کے وقت بجلی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

خیبر پختونخوا کے علاقے بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی زد میں ہیں۔ پشاور میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ پشاور کے علاقوں گلبہار، رنگ روڈ، کوہاٹ روڈ میں 10 سے 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ صدر، سول کوارٹرز، یونیورسٹی روڈ، بورڈ بازار اور دیگر علاقوں میں بھی کئی کئی گھنٹے سے بجلی غائب ہے۔

پشاور کے شہریوں ںے شکوہ کیا کہ سحری اور افطاری کے اوقات میں بھی بجلی نہیں ہوتی۔

پاکستان کا معاشی حب کراچی بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی زد میں ہے۔ ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق نیشنل گرڈ سے کراچی کے لیے ایک ہزار میگاواٹ بجلی سپلائی کی جا رہی ہے اور بجلی کی اضافی سپلائی سے لوڈشیڈنگ میں بہتری آئی ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق این ٹی ڈی سی سے ملنے والی بجلی صارفین کی طرف بتدریج منتقل کی گئی ہے اور لوڈشیڈنگ سے مستثنٰی علاقوں میں صورتحال پہلے ہی بہتر رہی ہے۔ اب اضافی سپلائی سے غیر مستثنٰی علاقوں میں بھی لوڈ مینجمنٹ کے دورانیہ میں کمی ہوئی تاہم صور تحال میں مزید بہتری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔


متعلقہ خبریں