عمران خان جلسوں میں پاکستان کے دوست ممالک کو ناراض کر رہے، حمزہ شہباز



نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران خان جلسوں میں پاکستان کے دوست ممالک کو ناراض کر رہے ہیں۔

پنجاب کا وزیراعلیٰ منتخب ہونے کے بعد اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تاریخ کبھی کسی کو معاف نہیں کرتی، ہفتوں سے قوم ہیجان میں مبتلا تھی، جمہوری اور آئینی روایات کو پامال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر پر حملہ کیا گیا جو ایوان کے تقدس پر حملہ ہے۔ ہائی کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر کو اختیارات دیے، آج آئین وقانون کا مذاق اڑایا گیا۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر صاحب آپ نے اپنا فرض جس طرح سے بہادری سے ادا کیا اس پر آپ خراج تحسین کے مستحق ہیں، ڈپٹی اسپیکر صاحب آپ کو زچ کیا گیا، آپ کے احکامات کو نہیں مانا گیا۔سب چیزوں کے باوجود آج جمہوریت کی فتح ہوئی ہے، برا وقت آتا ہے اور چلا جاتا ہے، عمران نیازی سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ جو وعدے آپ نے قوم سے کیے تھے ان وعدوں کا کیا ہوا؟

انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے پلانٹس بند ہونے سے 7000 میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل نہیں کی جارہی۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ صوبے میں میرٹ پر افسران کی تعیناتی ہوتی تھی، کہیں کوئی واقعہ ہوتا تھا تو شہباز شریف خود پہنچتے تھے۔

نو منتخب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لاہور میں دن دیہاڑے ڈاکے اور ریپ ہوتے ہیں، سیف سٹی کے 30 فی صد کیمرے خراب پڑے ہیں، 5 آئی جی اور 6 چیف سیکرٹریز بدل دیے گئے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ آپ کوئی بڑا منصوبہ نہیں بنا سکے تو کوڑا ہی اٹھالیتے ، آج لاہور شہر کی صفائی کا کوئی پرسان حال نہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہاں پر کامیاب کڈنی ٹرانسپلانٹ شروع ہو چکے تھے، اب ہیلتھ کارڈ پر ڈاکٹر کہتے ہیں جاؤ پہلے دوائی لے کر آؤ۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ میں نواز شریف کا کارکن ہوں، دن رات عوام کی خدمت میں ایک کروں گا، مہنگائی نے عام آدمی کا بھڑکس نکال دیا ہے، صوبے میں ایک نا اہل شخص کو وزیر اعلیٰ لگا کر سازش کی گئی۔

نو منتخب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 58 ہزار لوکل باڈیز ممبرز کو انھوں نے یک جنبش قلم ختم کیا، اگر ملک نے آگے چلنا ہے تو بہترین بلدیاتی نظام صوبے میں متعارف کروانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی نہیں ہمارے لاء انفورسمنٹ ایجنسز کو ایوان میں آنا پڑا، پولیس نے آج جو کردار ادا کیا ہے میں ان کو بھی شاباش دیتا ہوں۔

حمزہ شہباز نے اس موقع پر علیم خان اور جہانگیر ترین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہعوام کے مسائل حل کرن ترجیح ہے، اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں