امپورٹڈ حکومت ڈومور کے لیے لائی گئی ہے، فرخ حبیب

بلاول ملک کے مفاد پر ذاتی مفاد کو ترجیح دے رہے ہیں، فرخ حبیب

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت ڈومور کے لیے لائی گئی ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمرانوں میں بیرونی دباؤ کا جواب دینے کی ہمت نہیں ہے۔ کل بھارت اور امریکہ سے بیان آتا ہے کہ پاکستان دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کرے لیکن ہمارے موجودہ حکمرانوں میں اتنی ہمت نہیں کہ جواب دیں کیونکہ ان کی تو کانپیں ٹانگ رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ امپورٹڈ حکومت ڈومور کے لیے لائی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن میں ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت ہورہی ہے جس میں پی ٹی آئی کے ساتھ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا کیس بھی ہے۔ ہم تو اس کیس میں الیکشن کمیشن میں پیش ہو رہے ہیں میں مریم صفدر اور بلاول بھٹو کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ بھی اگلی سماعت پر الیکشن کمیشن آئیں۔

یہ بھی پڑھیں: اگر کوئی پیغام دینا ہے تو کھل کے دیں، شہباز گل

فرخ حبیب نے کہا کہ پہلے نواز شریف لادن سے پیسے لے کر بینظیر کی حکومت گراتے تھے اور مولانا فضل الرحمٰن لیبیا سے پیسے لے کر ملک میں کام کر رہے تھے۔ 64 کروڑ ن لیگ اور 35 کروڑ کا پیپلز پارٹی کا حساب تھا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف واحد جماعت ہے جس نے سیاسی فنڈ ریزنگ کی بنیاد رکھی، اکبر ایس بابر کے آقا سامنے آئیں ہمارا مقابلہ ان کے ساتھ ہے۔


متعلقہ خبریں