مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ امریکہ ایک ایسی واحد طاقت ہے جو ہمارے مسائل دور کر سکتی اور وہ چاہئے تو پاکستان کے لیے معاشی مشکلات بھی پیدا کر سکتی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے خطاب پر رد عمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کوئی تقریر کی ہے، ہم نے سنی نہیں، وہ باتیں دہراتے ہیں اس لئے بار بار ہمیں سننی نہیں پڑتیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اگر امریکا ہم سے تنگ ہوتا تو ہمیں آئی ایم ایف کے قرضے نہ ملتے، امریکا تنگ ہو تو ہم ایف اے ٹی ایف میں گرے سے بلیک لسٹ میں ڈال دیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم صرف ایک مراسلہ لہرا رہے ہیں، اس مراسلے کو ایک سیاسی ایشو بنایا جا رہا ہے۔ اگر یہ مراسلہ 7 مارچ کو آیا تھا تو اس وقت قومی سلامتی کا اجلاس کیوں نہیں بلایا گیا؟
عمران خان کو آج کی تقریر میں استعفیٰ دینا چاہیے تھا، بلاول بھٹو
لیگی رہنما نے کہا کہ جب یہ امریکا سے واپس آئے تھے تو انہوں نے کہا تھا ورلڈ کپ جیتنے سے زیادہ خوش ہوں، سیاسی طور پر دیوالیہ ہونے والے شخص کے پاس الزامات کے علاوہ کچھ نہیں رہا۔
مزید کہا کہ وزیراعظم کے عہدے پر بیٹھے شخص کو اپنے تقدس کا خیال کرنا چاہیے، فوجی قیادت کو آج بلایا، پہلے بلاتے، جلسے میں جیب سے کاغذ نکال کر لہرا دیا۔