نواب شاہ: مسلم لیگ ن سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور مریم نواز 30 مئی کو ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے۔
انہوں نے جی ایم شاہ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوچی سمجھی سازش کے تحت نواز شریف کو غدار قرار دیا جا رہا ہے جبکہ نیب بھی ن لیگ اور سابق وزیراعظم کے خلاف یک طرفہ کارروائیاں کر رہا ہے، نیب اور سپریم کورٹ کو سرے محل کیوں نظر نہیں آرہا؟ تمام اداروں کو اپنے دائرہ اختیار میں کام کرنا چاہیے۔
شاہ محمد شاہ نے کہا کہ نواز شریف نے کراچی سے کشمور تک امن قائم کیا، سندھ میں موٹر وے تعمیر کیا وہ کسی کو نظر نہیں آتا، سندھ میں امن وامان کی صورتحال پر انہوں نے کہا کہ صوبے میں اربوں روپے کی لوٹ مار کرنے والی پارٹی کو کھلی چھوٹ دینا تشویشناک ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ آ صف علی زرداری اور عمران خان کے گٹھ جوڑ نے دودھ کا دودھ پانی کا پانی کر دیا ہے۔
