میں پاکستان بچانے نکل رہا ہوں، بلاول بھٹو



چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا ملتان میں ورکرز کنونشن سےخطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نااہل ،ناجائز اور نالائق حکومت کے خلاف اعلان جنگ کررکھا ہے، جنوبی پنجاب کے عوام کوسلام پیش کرتا ہوں،ہم نے مل کر کٹھ پتلی حکومت کے خاتمے کا بندوبست کرنا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک میں جو بھی بحران آیا پیپلزپارٹی نے احتجاج کیا، یوریا بحران جاری ہے ، ہم اس پر خاموش نہیں رہیں گے، ہمارے کسا ن کا معاشی قتل ہورہا ہے، پیپلزپارٹی عام آدمی کی جماعت ہے، کیا آپ لوگ اب آخری جنگ لڑنے کو تیار ہیں؟ میں پاکستان بچانے نکل رہا ہوں۔

خطاب میں چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہمارا سفر صرف اسلام آباد تک نہیں پورے ملک میں چلنا ہے، آپ لوگوں نے میرے ساتھ پورے قافلے میں رہنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخی کرپشن عمران خان کی حکومت نے کی، جس نے کسی کونہیں چھوڑ نا تھا انہوں نے سب کو چھوڑ دیا، ہم پر جو جو الزامات لگائے گئے ان میں باعز ت بری ہوں گے، آصف زرداری بیماری کے باوجود موجود ہیں، ہم موجود ہیں پکڑ سکتے ہو تو پکڑ لو، عمران خان ہمیں اورہمارے مخالف کوبھی چورچورکہتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:  5 وزیر  ٹکٹ  کی یقین دہانی پر عمران خان کو چھوڑنے کو تیار ہیں،احسن اقبال

بلاول نے کہا کہ عوام کےشانہ بشانہ کھڑے ہیں، آج مہنگائی عروج پرہے تو ہم کل تک انتظارکیسے کرسکتےہیں؟ اس نالائق کا بندوبست کرنےتک ہم چین سے نہیں بیٹھ سکتے، ہم اسلام آبا دپہنچیں گےاوروزیراعظم سے حساب لیں گے اور حکومت کی نااہلی بےنقاب کریں گے، ہمیں حکومت کیخلاف عدم اعتماد مہم چلانی ہے۔ سابق صدر پرویزمشرف بھگوڑا ثابت ہوچکا، عمران خان کا بھی یہی حال ہو گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آج عمران خان خود ہی اپنے وزرا میں سرٹیفکیٹ بانٹ رہے تھے، عمران خان نے ملتان سے ناانصافی کی، صرف دس وزیر عمران خان کی شاباشی کے لائق ہیں، ہمارے وزیر خارجہ کو ایک سرٹیفکیٹ بھی نہیں ملا، 10چہیتوں کو عمر ان خان نے سرٹیفکیٹ دیئے اورباقی وزرا پر عدم اعتماد ظاہر کیا۔ ایک وہ وزیرجس نے سی پیک کوسبوتاژکیا ان کوبھی سرٹیفکیٹ دیا گیا، کراچی کا ایک وزیرجو پہلے نوکری پھروزارت سے نکالا گیا۔

 

 


متعلقہ خبریں