اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2018 کے لیے انتخابی نشانات کی فہرست تیار کر لی ہے۔ انتخابی نشانات کی تیارکردہ فہرست میں پہلی مرتبہ انگریزی کے چھ حروف تہجی بھی شامل کیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات میں سیاسی جماعتوں کے لیے 330 انتخابی نشانات کی فہرست تیارکی گئی ہے۔ انتخابی نشانات میں انگریزی کے حروف تہجی اے(A)، بی(B)، جی(G)، کے(K)، پی(P) اور ایس(S) شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ جن سیاسی جماعتوں کے پاس پہلے سےانتخابی نشانات موجود ہیں انہیں بھی دوبارہ درخواست دینا ہو گی۔
پاکستان میں انتخابی عمل کے ذمہ دار ادارے کا کہنا ہے کہ درخواست میں انتخابی نشان کے لیے ترجیح بتانا لازمی ہے اور پارٹی سربراہ کے دستخط بھی ضروری ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الیکشن رولز 162 کے تحت سیاسی جماعتوں سے انتخابی نشان کے لیے درخواستیں طلب کر رکھی ہیں۔ درخواست دینے کی حتمی تاریخ 25 مئی مقرر کی گئی ہے۔ آخری تاریخ کے بعد موصول ہونے والی درخواستیں مسترد کر دی جائیں گی۔
پارٹی رجسٹریشن کے نئے طریقہ کار کے مطابق وہ سیاسی پارٹیاں انتخابی نشان کے لیے درخواست جمع کرا سکیں گی جنہوں نے مالی گوشواروں اور انٹرا پارٹی انتخابات کی تفصیلات جمع کرائی ہیں۔