وزیراعظم کی بل گیٹس سے افغان عوام کو انسانی امداد فراہم کرنے کی درخواست


وزیراعظم عمران خان نے بل گیٹس سے افغان عوام کو انسانی امداد فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔

مائیکروسوفٹ کے بانی نے آج  وزیراعظم عمران خان سے ٹیلیفون پر بات کی ہے۔ وزیراعظم اوربل گیٹس نے افغانستان میں صحت کے نظام پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

افغانستان پاکستان کے ساتھ دنیا کا دوسرا ملک ہے جو پولیو کا شکار ہے۔ وزیراعظم اور بل گیٹس نے افغانستان میں انسداد پولیو مہم دوبارہ شروع کرنے پرزور دیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ افغانستان کی آدھی سے زائد آبادی غربت کی لکیرسے نیچے زندگی گزار رہی ہے۔ افغانستان کو مالی امداد کی اشد ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے بل گیٹس کو پاکستان میں پولیوکےخاتمے کےلیےکوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے پولیو کے خاتمے کے لیے بل اینڈ ملینڈاگیٹس کےتعاون کی تعریف کی۔

عمران خان نے بتایا کہ پاکستان میں رواں سال پولیو کا ایک کیس رپورٹ ہوا۔ پاکستان میں پولیو کیسز میں نمایاں کمی آئی ہے۔ پولیو سے نمٹنے کےلیے کوششیں ابھی جاری ہیں۔ حکومت ملک میں پولیو کے خاتمے کےلیے پرعزم ہے۔

بل گیٹس نے پولیو کے خلاف کوششوں پر وزیراعظم عمران خان کی تعریف کی۔ بل گیٹس نے پولیو خاتمے کےلیے پروگرام اورتعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کو محفوظ رکھنے کےلیے پولیو خاتمے کےلیے پروگرام جاری رکھیں گے۔


متعلقہ خبریں