نیشنل ایکشن پلان ایپکس کمیٹی اجلاس: امن تباہ کرنے والوں کیخلاف بھرپور کارروائی کا فیصلہ

ترکی کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہیں، وزیر اعظم

نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی نے ملک کا امن تباہ کرنے والوں کیخلاف قانون کے تحت بھرپور کارروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان سے متعلق ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر داخلہ شیخ رشید سمیت دیگر نے شرکت کی۔

ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں افغانستان کی صورتحال اور پاکستان پر اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس کے علاوہ اجلاس میں سائبر سیکیورٹی سے بڑھتے چیلنجز پر غور کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ سائبر سیکیورٹی، جاسوسی ، عدالتی و سول اصلاحات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھائی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں اندرونی سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے کیلئے نیشنل کرائسز انفارمیشن مینجمنٹ سیل بنانے کا فیصلہ کیا گیا جو وزارت داخلہ اور وزارت اطلاعات کے تحت کام کرے گا۔

اجلاس میں غیر ملکیوں کی فول پروف سیکیورٹی سمیت سی پیک و دیگر منصوبوں پر کام کرنیوالے چینی باشندوں کے فول پروف سیکیورٹی پلان کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ قوم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ کی بھاری قیمت چکائی ہے، نظرثانی شدہ پلان کے تحت روابط بڑھانے اور ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج، پولیس ، انٹیلی جنس اداروں کی قومی سلامتی کیلئے کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔


متعلقہ خبریں