فرانس میں چاقو سے حملہ، ایک شخص ہلاک چار زخمی


پیرس: فرانس کے دارالحکومت پیرس میں حملہ آور نے چاقو کے وار سے ایک شخص کو ہلاک اور چارکو زخمی کردیا۔

عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور نے پہلے نعرہ لگایا اور پھر چاقو سے راہ گیروں پر حملے شروع کردیے۔ اچانک ہونے والے حملے سے لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی اور خوف و ہراس پھیل گیا۔

حکام کے مطابق پولیس نے موقع پر فائرنگ کرکے حملہ آور کو ہلاک کردیا۔ پولیس نے قریبی علاقوں کی عمارات خالی کراکر گھر گھر تلاشی کا عمل شروع کردیا ہے۔

فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون نے ٹویٹ میں حملہ آور کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے اس کو مارنے والے پولیس اہلکاروں کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرانس نے پھر اپنے خون سے قیمت چکائی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اپنی آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

فرانس میں گزشتہ تین سالوں سے دہشت گردی کے واقعات کے پیش نظرسکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔

یکم اکتوبر 2017  کو فرانس مرسیل میں سینٹ ریلوے اسٹیشن پر دو خواتین کو چاقو مار کے قتل کردیا گیا تھا۔

مارچ 2018 میں  جنوبی فرانس کی سپر مارکیٹ میں تین افراد چاقو کے حملے میں قتل ہوئے تھے۔ حملہ آور کو پولیس نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔

فرانس میں ہونے والے حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی ہے۔

دودن قبل جنوبی افریقہ کے شہر ڈربن میں واقع مسجد پر مسلح افراد نے حملہ کرکے امام مسجد کو شہید اور مسجد کو نذر آتش کردیا تھا۔

امام مسجد اور نمازیوں پر تین مسلح افراد نے حملہ کرنے کے لیے چاقوؤں کا استعمال کیا تھا۔ حملے میں زخمی ہونے والے دونوں نمازیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

 


متعلقہ خبریں