شیر کا بچے پر حملہ، ماں خالی ہاتھ بھڑ گئی، بچہ پنچوں سے چھڑا لیا

شیر کا بچے پر حملہ، ماں خالی ہاتھ بھڑ گئی، بچہ منہ سے چھڑا لیا

امریکی ریاست کلیفورنیا میں ایک خاتون نے اپنے پانچ سالہ بچے کو پہاڑی شیر کے حملے سے بچالیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لاس اینجلس کے علاقے سانتا مونیکا پہاڑی کے قریب پانچ سالہ بچہ اپنے گھر کے باہر کھیل رہا تھا کہ شیر نے حملہ کردیا۔

شیر نے بچے کو گھسیٹ لیا اور جنگل کی جانب لے جانے کی کوشش کی۔ اس دوران بچے کی ماں گھر سے باہر نکلی اور شیر کو اپنے ہاتھوں سے مارا، یہاں تک کہ اس  نے بچے کو چھوڑ دیا اور جنگل کی طرف بھاگ نکلا۔

رپورٹس کے مطابق بعد میں جنگلی حیات کے حکام نے شیر کو ڈھونڈ نکالا اور گولی مار کر ہلاک کردیا۔

مزید پڑھیں: پالتو شیر کا بچے پر حملہ،2ملزمان گرفتار

خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شیر کے حملے میں پانچ سالہ بچے کے سر اور دھڑ پر چوٹیں آئیں۔ بچے کو لاس اینجلس کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

کیلیفورنیا کے محکمہ جنگلی حیات کے ایک افسر کا کہنا تھا کہ ماں نے بڑی بہادری سے اپنے بیٹے کی جان بچا لی ہے۔

انہوں نے مزید  بتایا کہ بعد میں وائلڈ لائف کے ایک افسر نے پہاڑی کی جھاڑیوں میں چھپے شیر کو ڈھونڈ نکالا اور اسے گولی مار دی۔

وائلڈ لائف کے عہدیدار نے بتایا کہ حملہ آور شیر چھوٹا تھا اور وہ ابھی شکار کرنا سیکھ رہا تھا۔

خیال رہے کہ شمالی امریکہ میں پہاڑی شیروں کے حملے بہت کم ہوتے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں