فرانس: کینز فلم فیسٹول میں ایک ایسے شخص کو اعلیٰ ترین ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے جس کا ماضی میں فلم انڈسٹری اور اداکاری سے کبھی کوئی تعلق رہا نہ دلچسپی۔
ایوارڈ کے لیے نامزد رادی گمال ماضی میں جذام جیسے موذی مرض میں مبتلا رہ چکے ہیں لیکن انہوں نے مصری فلم ’یوم الدین ‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جس کے باعث فلم کو کینز فلم فیسٹول میں ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر ابو بکر شاقی نے فلم میں جذام کے مریضوں کی سماجی مشکلات کو انتہائی خوبصورت انداز میں اسکرین پر پیش کیا ہے۔ رادی گمال اور ایک یتیم بچہ گدھا گاڑی پر اپنے چھوڑ جانے والے رشتے داروں کو ڈھونڈنے کی کوشش کرتے ہیں۔ حیرت انگیزطور پر یوم الدین میں یتیم بچے کا کردار ادا کرنے والے لڑکے نے بھی پہلے کبھی اداکاری نہیں کی۔
فلم ڈائریکٹر کی رادی گمال سے ملاقات جذام کے مریضوں کے لیے آباد کی گئی کالونی میں ہوئی تھی۔ ڈائریکٹرکے مطابق رادی گمال کی اپنی زندگی بھی فلمی کردار سے ملتی جلتی ہے۔ ابتدائی طورپر فلم کے لیے خاتون کو منتخب کیا گیا تھا لیکن بیماری کی وجہ سے وہ یہ کردار ادا نہ کر سکیں۔
فلم ڈائریکٹرنے بتایا ہے کہ رادی گمال اور یتیم لڑکے کا کردار ادا کرنے والا بچہ فرانس نہیں جا سکیں گے کیونکہ دونوں کے پاسپورٹس آخری لمحات میں تیار ہوئے اوراس وقت مصر سے فرانس کے لیے کوئی فلائیٹ دستیاب نہیں تھی۔