لاہور کے تھانہ رائیونڈ میں پولیس کی جانب سے تاریخ کا انوکھا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پرائس کنٹرول مجسٹریٹ نے سبزی سستی فروخت کرنے پر غریب ریڑھی بان پر مقدمہ درج کرا دیا۔
مقدمہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق رائیونڈ روڈ پر سرکاری ریٹ لسٹ سے کم قیمت پر سبزی فروخت کی جا رہی تھی۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق دکاندار نے نمایاں مقام پر ریٹ لسٹ آویزاں نہیں کررکھی تھی، اسپیشل مجسٹریٹ نے نرخ کا معائنہ کرنے کے لئےاڈہ پلاٹ رائیونڈ روڈ کا دورہ کیا تو سبزی فروش سرکاری ریٹ لسٹ سے کم قیمت پر سبزی فروخت کررہا تھا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق دکاندار بھنڈی 95 کی بجائے 73روپے فی کلو، ٹماٹر 50 کی بجائے 25روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کررہا تھا۔
بیگن 60کی بجائے 52روپے فی کلو،کریلے 90کی بجائے 52روپےفی کلو فروخت کئے جارہےتھے۔ دکاندار پیاز 40کی بجائے 33روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کررہا تھا۔
رحیم یارخان:بلے کو کچلنے کا انوکھا مقدمہ درج
دوسری جانب پرائس کنٹرول مجسٹریٹ نے موقف اپنایا ہے کہ دوران چیکنگ سبزی فروش کے پاس ریٹ لسٹ موجود نہ تھی۔
سپیشل مجسٹریٹ چوہدری کاشف بشیر کا کہنا ہے کہ مقدمہ میں قیمتیں لکھنے میں غلطی ہوئی، دکاندار کو مہنگے داموں سبزیاں فروخت کرنے پر ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا ہے۔ کل ایف آئی آر کا متن تبدیل کروادیں گے
معاون خصوصی شہباز گل نے لاہور انتظامیہ سے مجسٹریٹ کے خلاف ایکشن کا مطالبہ کیا ہے۔
